ہارون آباد ( خرم شہزاد ملک سے) ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ذوالفقار احمد بھون نے عام انتخابات2024ء کے انتظامات کاجائزہ لینے کے لئے ڈی پی او نصیب اللہ خان کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں جنرل الیکشن کے ٹرانسپوٹیشن، انتظامی و سیکورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ذوالفقار احمد بھون نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات پر صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد کرانا ذمہ داری ہے جس کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنی ذمہ داریاں بخوبی احسن سر انجام دینا ہوں گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی الیکشن عملہ اور الیکشن میٹریل کی ترسیل کے لئے جامع ٹرانسپوٹیشن پلان مرتب کریں اور قبل ازیں تمام تر انتظامات کو مکمل کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ریٹرننگ و اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران پولنگ اسٹیشن کا دورہ کریں، پولنگ اسٹیشن میں پینے کے صاف پانی، واش رومز، پولنگ سٹیشن کی باؤنڈریز، فرنیچر، بجلی، انفراسٹرکچر کے مسائل کو فوری حل کیا جائے تاکہ الیکشن والے دن عوام کو آسانی ہو اور ا سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہر انتخابی حلقہ کے مانیٹرنگ افسران امیدواران کی جانب سے جاری انتخابی مہم کی کڑی مانیٹرنگ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور تعاون نہ کرنے والے امیدواران کی رپورٹ بروقت فراہم کریں۔ ڈی پی او نصیب اللہ خان نے کہا کہ الیکشن 2024ء کے پر امن انعقاد کے لئے پولیس اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہے اور الیکشن سرگرمیوں سے لے کر الیکشن دن تک کے لئے فول پروف سیکورٹی کا ایک جامع پلان تشکیل دیا گیا ہے جسے وہ خود براہ راست مانیٹر کر رہے ہیں جبکہ حساس پولنگ اسٹیشن پر سیکورٹی اقدامات کے لئے بھی حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریٹرننگ و اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران سمیت الیکشن میٹریل کی وصولی ومتعلقہ حلقوں تک بحفاظت ترسیل کے لئے بھی سیکورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے جبکہ انتخابی مہم کے دوران کسی بھی امیدوار کو قانون ہاتھ میں لینے کیاجازت ہر گز نہیں دی جائے گی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمدکرایا جائے گا۔اجلاس میں ضلعی الیکشن کمشنر تنویر احمد ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) ظہور احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) قیوم قدرت سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نور محمد سمیت اسسٹنٹ کمشنرز بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی دیگر متعلقہ تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

































