کوونٹری (ویب ڈیسک)فولزل وارڈ کی کمیونٹی نے کونسلر عبدالسلام خان کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ان کی انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے برطانوی عوام کے ساتھ مل کر ان کی انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لینا شروع کر دیا ہے کمیونٹی نے مذہبی، ثقافتی اور انسانی بنیادوں پر کونسلر عبدالسلام خان کی شاندار خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ بلا امتیاز خدمت کی اور ملٹی کلچرل پروگرامز کے انعقاد کے ذریعے مختلف قومیتوں اور مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیا۔ انہوں نے رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنایا، جو قابلِ تقلید ہے
فولزل وارڈ کمیونٹی نے کہا کہ عبدالسلام خان کی کامیابی دراصل پوری کمیونٹی کی کامیابی ہوگی۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تمام کمیونٹیز متحد ہو کر بھرپور انتخابی مہم چلائیں گی اور انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گی اس موقع پر کونسلر عبدالسلام خان، جو کوونٹری سٹی کونسل کے ڈپٹی لیڈر بھی ہیں، نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ فولشِل کی عوام کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے ہمیشہ ان پر اعتماد کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ کمیونٹی کی خدمت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھا ہے اور آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں گے انہوں نے مزید کہا کہ ان کا مشن فولزل وارڈ کو ایک بہتر، محفوظ اور خوشحال علاقہ بنانا ہے، جہاں ہر فرد کو برابری کے مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ عوام کے مسائل حل کرنے اور ان کی آواز ایوانوں تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے۔
کونسلر عبدالسلام خان نے کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ اتحاد کا مظاہرہ کریں اور 7 مئی کو ہونے والے انتخابات میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے لیبر پارٹی کو کامیاب بنائیں انہوں نے کہا کہ ان کا فولزل وارڈ سے گہرا تعلق ہے کیونکہ یہ ان کی جائے پیدائش ہے۔ وہ براڈ ہیتھ اسکول کے سابق طالب علم ہیں اور اس وقت وہاں گورنرز کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ ایک مستند وکیل (سولیسیٹر) ہیں اور گزشتہ 26 برس سے فولشِل روڈ پر اپنے دفتر سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جہاں رہائشی بغیر کسی اپائنٹمنٹ کے ان سے مل کر اپنے مسائل بیان کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ عوامی مسائل جیسے فلائی ٹِپنگ، تیز رفتار ٹریفک، سڑکوں کے گڑھے، مہنگائی، کونسل ٹیکس اور غیر ضروری چالان جیسے معاملات کو سنجیدگی سے لیتے رہے ہیں اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کونسل ہاؤس میں عوام کی آواز رہے ہیں اور آئندہ بھی یہی کردار ادا کرتے رہیں گے انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ عوام کے لیے دستیاب رہیں گے اور فولشِل کی متنوع کمیونٹیز کے بہترین مفاد میں کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام انہیں دوبارہ منتخب کر کے خدمت کا موقع فراہم کریں گے۔
اس موقع پر مختلف کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے رہائشیوں نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ کونسلر عبدالسلام خان کو کوونٹری کے عوام، خصوصاً فولشِل کے لوگوں کی خدمت کے اعتراف میں سراہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عبدالسلام خان ایک محنتی، مخلص اور ذمہ دار نمائندہ ہیں جو ہمیشہ عوام کی مدد کے لیے تیار رہتے ہیں یاد رہے کہ ستمبر 2025 میں انہیں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں کوونٹری ایوارڈ آف میرٹ سے نوازا گیا تھا۔ اس اعزاز کی سند میں ان کی بلا امتیاز خدمات، شمولیت، ہم آہنگی اور انسانیت کے فروغ کے لیے کوششوں کو سراہا گیا تھا کمیونٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کونسلر عبدالسلام خان ایک مرتبہ پھر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے اور عوام کی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔
































