اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان نے سوڈان کو اسلحہ اور لڑاکا طیاروں کی فراہمی کے لیے تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالرز کا معاہدہ مؤخر کر دیا ہے، جب کہ سعودی عرب نے اس معاہدے کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ وہ اس کی مالی معاونت نہیں کرے گا۔ یہ بات پاکستانی سیکیورٹی ذرائع اور ایک سفارتی ذریعے نے خبر ایجنسی’’ روئٹرز ‘‘کو بتائی ہے۔
سوڈان میں فوج اور نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جاری تنازع گزشتہ 3 برسوں سے دنیا کے بدترین انسانی بحران میں تبدیل ہو چکا ہے۔ اس جنگ نے نہ صرف ملک کو عدم استحکام کا شکار کیا بلکہ اسے غیر ملکی طاقتوں کے مفادات کی کشمکش کا میدان بھی بنا دیا ہے، جس سے بحیرۂ احمر کے اس اہم ملک کے ٹوٹنے کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ سوڈان سونے کی پیداوار کے حوالے سے بھی ایک اہم ملک سمجھا جاتا ہے۔
































