اسلام آباد (روزنامہ سچ نیوز ) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلا س ہوا جس میں مختلف شہروں میں پر تشدد واقعات کے دوران املاک کو نقصان پہنچے جانے کی شدید مذمت کی گئی۔
اجلاس سے متعلق جاری ہونیوالے اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے امن و امان کی صورت حال کی پیش نظر وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارت داخلہ کی سفارش پر آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں پاکستان فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں عمران خان کی طرف سےمسلسل اداروں اور ان کی قیادت کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، شرکاء کا کہنا تھا کہ قاتلانہ حملوں سے لے کر قومی اداروں کو سیاست میں گھسیٹنے تک کے مذموم الزامات ایک تسلسل کے ساتھ عائد کئے جارہے ہیں،تحریک انصاف کی قیادت کا سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حساس اداروں اور ان کے افسران کو نشانہ بنانا ایک تسلسل ہے جو اب حساس اداروں اور عمارات پردہشت گردانہ حملوں میں تبدیل ہوچکا ہے، یہ رویہ پی ٹی آئی کی ماضی کی روش اور طرزعمل کے عین مطابق ہے بلکہ اس میں اب مزید شدت آگئی ہے، یہ آئینی، قانونی یا جمہوری رویہ نہیں بلکہ دہشت گردی اور ملک دشمنی ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیاجاسکتا۔

































