اسلام آباد (سچ نیوز )وزیراعظم عمران خان کے وزیراعظم ہاوس سے بنی گالا ہیلی کاپٹرمیں جانے پر واویلا مچ گیا ہے اور وزیراعظم کے ناقدین کا کہنا ہے کہ کفایت شعاری کی باتیں کرنے والے اب خود شاہ خرچ بن گئے ہیں ۔اس حوالے سے نجی نیوز چینل جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“میں ایوی ایشن ایکسپرٹ میجر ریٹائرڈ محمد ظہیر نے بتایا کہ وزیراعظم کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر اے ڈبلیو 139 کا فی گھنٹہ خرچہ تین لاکھ 70 ہزار 900 روپے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کے خرچ کا تخمینہ اس کے سٹارٹ ہونے کے بعد سے بند ہونے تک کے وقت پر لگایا جاتا ہے، اس پورے عمل کے دوران ہیلی کاپٹر کے اڑنے پر آنے والے خرچ کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر کے ہیلی پیڈ سے بنی گالہ اور پھر بنی گالہ سے وزیراعظم ہاو¿س پہنچنے کے پورے عمل میں 35 سے 40 منٹ لگتے ہیں اور اس پورے عمل میں تقریباً 2 لاکھ روپے خرچ ہو جاتے ہیں۔خیال رہے کہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے گزشتہ روز وزیراعظم کے بنی گالہ سے پی ایم ہاوس تک کے اخراجات 50 سے 55 روپے کلو میٹر بتائے تھے جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔