اسلام آباد (سچ نیوز)تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہاہے کہ میں جہانگیرترین کا کوئی رشتہ دار نہیں ہوں لیکن انہوں نے تحریک انصاف کیلئے بڑی خدمات سرانجام دی ہیں، جہانگیر ترین کا نوازشریف کے ساتھ موازنہ کرنا بہت بڑی زیادتی ہے ۔جیونیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ ہربند ے کاحق بنتاہے کہ اس کوسنا جائے کہ اس کا موقف کیاہے؟ اور اس کے بعد قیادت فیصلہ کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ کہا جائے کہ عمران خان فوری فیصلہ کردےں تو یہ مناسب نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا رکن اگر کوئی غلطی کرتاہے تو اس کو ڈبل سزا ہونی چاہئے کیونکہ ہمارے لیڈر کا یہ ماننا ہے کہ ہم نے اس نظام کودرست کرناہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرنے کے دوران تحریک انصاف کی تحریک اصلی تھی ۔ اس وقت لوگ تحریک انصاف کی حکومت آنے سے بہت خوش ہیں ، اگر ہم کسی سازش کے نتیجے میں اقتدار میں آئے ہوتے تو اس وقت حکومت کے خلاف جلسے جلوس ہورہے ہوتے ۔ ہم نے جو کہا تھا وہ ہم نے کیا ہے ،جہانگیرترین کے کردار کا جہاں تک تعلق ہے ، اگروہ ایک پاکستانی کی حیثیت سے حکومت کو کوئی سپورٹ کرتے ہیں جس طرح وہ کرتے آئے ہیں اور اس حوالے سے ان کا ایک کردار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے فیصلے کی روشنی میں دیکھنا ہے کہ نوازشریف کا کیس اور جہانگیر ترین کا کیس ایک ہی ہے یا اس میں کوئی فرق ہے ۔ میں جہانگیرترین کا کوئی رشتہ دار نہیں ہوں لیکن انہوں نے پارٹی کیلئے بڑی خدمات سرانجام دی ہیں، جہانگیر ترین کا نوازشریف کے ساتھ موازنہ کرنا بہت بڑی زیادتی ہے ۔ شبلی فراز نے کہا کہ جہانگیر ترین کے خلاف فیصلہ تحقیقات کی بناءپر ہی ہواہے جس پر انہوں نے الیکشن بھی نہیں لڑا اور ہم نے ان کو کوئی عہدہ بھی نہیں دیا ۔