ممبئی(سچ نیوز) بالی ووڈ میں بھی گویا شادیوں کا سیزن چل رہا ہے۔ پہلے رنبیر کپور اور دپیکا پڈوکون رشتہ ازدواج میں بندھے۔ پھر پریانکا چوپڑا کی شادی ہوئی اور اب معروف کامیڈین اور فلم سٹار کپل شرما کی شادی کی تقریبات بھی شروع ہو گئی ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق کپل شرما ،گینی چتراتھ سے شادی کر رہے ہیںجن کے ساتھ کئی سالوں سے ان کا تعلق قائم تھا۔رپورٹ کے مطابق کپل اور گینی کی شادی گینی کے آبائی شہر جالندھر میں ہو گی جہاں گینی کے گھر پر تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔گینی نے اپنے انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر اکھنڈ پاٹھ کی تقریب کی تصاویر پوسٹ کی ہیں۔ دوسری طرف کپل شرما نے بھی اپنی شادی کا دعوت نامہ سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔ کپل شرما 14دسمبر کوفلم و ٹی وی انڈسٹری کے دوستوں کے لیے ایک گرانڈ ریسیپشن کا بھی اہتمام کریں گے۔کپل شرما طویل عرصے سے منظرنامے سے غائب ہے اور اب کہا جا رہا ہے کہ 23دسمبر سے وہ ’دی کپل شرما شو‘ کے ساتھ واپس آ رہے ہیں۔ اس شو میں ان کے ساتھ بھارتی سنگھ، چندن پربھارکر، کیکو شاردا اور سمونا چکرورتی سمیت دیگر لوگ بھی ہوں گے جو پہلے بھی اس شو کا حصہ تھے۔