واشنگٹن(سچ نیوز )امریکا نے ایران پر عائد پابندیوں اور شامی تنازعہ کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے فضائی کمپنیوں کو خبردار کر دیا، فضائی کمپنیوں کو ایرانی فضائی حدود میں خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
امریکا کی جانب سے جاری نئی ہدایات میں فضائی کمپنیوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایران کی فضائی حدود میں پرواز کے دوران خبردار رہیں کیوں کہ دسمبر 2017 میں ایک امریکی کمپنی کے شہری طیارے کی شناخت نہ ہونے پر لڑاکا طیاروں کی جانب سے اس کے راستے میں رخنہ اندازی کی گئی تھی۔نئی ہدایات میں بتایا گیا ہے کہ شام میں تنازع سے مربوط عسکری سرگرمیاں بھی ایران کی فضائی حدود یا اس کے راستے انجام پا رہی ہیں۔رواں برس مئی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تاریخی جوہری معاہدے سے علاحدگی اور گزشتہ ماہ ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد ہونے کے بعد ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ایوی ایشن سروسز بیورو کا کہنا ہے کہ ایرانی فضائی حدود کے راستے پروازوں کی منصوبہ بندی کے وقت امریکا اور ایران کے درمیان بگڑے تعلقات کو مد نظر رکھا جانا چاہیے۔