لاہور(سچ نیوز) تحریک انصاف کی حکومت کی اب تک کی کارکردگی نے اگرچہ تحریک انصاف کے متعدد پرجوش حامیوں کو بھی مایوس کیا ہے تاہم ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو کہہ رہے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کو وقت دینا چاہیے، وہ یقینا کچھ کر دکھائیں گے۔ اب اداکارہ ریما خان کی آواز بھی ان لوگوں میں شامل ہو گئی ہے، جنہوں نے گزشتہ دنوں لاہور میں ایک جیل کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”وزیراعظم عمران خان ایماندار شخص ہیں۔ وہ اپنی محنت کے بل پر ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال لیں گے۔ انہیں کارکردگی دکھانے کے لیے وقت دیا جانا چاہیے۔“دی نیوز کے مطابق ریما خان نے اس موقع پر شریف برادران کے متعلق بھی لب کشائی کی اور کہا کہ ”نواز شریف اور شہباز شریف معزز سیاسی شخصیات ہیں۔ اگر ان سے کچھ غلطیاں ہوئی ہیں تو انہیں ان غلطیوں کو سدھارنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔“ اس موقع پر جب اداکارہ سے سیاست میں قدم رکھنے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے اس امکان کو یکسر رد کرتے ہوئے کہا کہ ”میرا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔“