کراچی: (سچ نیوز) خیابان اتحاد میں گاڑی پر فائرنگ میں ایم کیو ایم کے سابق ایم این اے علی رضا عابدی سمیت دو افراد زخمی ہوے جنہیں ہسپتال لے جایا گیا تاہم علی رضاعابدی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
ڈی آئی جی ساوتھ جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ فائرنگ سابق ایم این اے کے گھر کے باہر ہوئی،حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے، جس گاڑی پر علی رضا سوار تھے اسی میں ہسپتال لیکر جایا گیا جبکہ جائے وقوع سے نائن ایم ایم کے تین خول ملے، علی رضا عابدی کو تین سے چار گولیاں لگیں۔
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے علی رضا عابدی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی، وزیر اعظم نے علی رضا عابدی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، وزیراعظم نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔ سید علی رضا عابدی پر فائرنگ کا وزیر اعلی سندھ نے بھی نوٹس لیا ہے، وزیر اعلی نے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی۔ انکا کہنا تھا کہ مجرموں کو سی سی ٹی وی کی مدد سے گرفتار کیا جائے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی علی رضاعابدی پر قاتلانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے، انکا کہنا تھا کہ علی رضا عابدی پر قاتلانہ حملہ شہر کا امن خراب کرنے کی سازش ہے، کراچی میں دہشت گردی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ دو دن قبل بھی شہرِ قائد کے علاقے ناظم آباد میں پاک سرزمین پارٹی کے ٹاؤن آفس پر نا معلوم افراد نے فائرنگ کر کے 2 افراد کو قتل اور 2کو زخمی کر دیا تھا۔