کراچی(سچ نیوز)نیلی آنکھوں کی وجہ سے عوام میں مقبول معروف اداکار علی رحمان خان ایک مرتبہ پھر اک نئے انداز سے اپنے نئے ڈرامہ سیریل ’’خاص‘‘ میں جلوہ گر ہوں گے، ڈرامہ جلد نجی چینل ’’ہم ٹی وی‘‘ سے نشر کیا جائے گا، ڈرامہ سیریل ’’خاص ‘‘ جو کہ ایم ڈی پروڈکشن کی پیش کش ہے میں علی رحمان، صنم بلوچ کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گے، ڈرامے کی ہدایات معروف ہدایات کار دانش نواز نے دیں ہیں۔ڈرامے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے علی رحمان کا کہنا تھا کہ ڈرامے میں میرا کردار بہت دلچسپ ہے اور یہ کردارپاکستان بھر کے بہت سارے شادی شدہ لوگوں کے دلوں کی آواز ہے، مجھے یقین ہے کہ لوگ مجھے اس ڈرامے میں بہت ہی الگ روپ میں دیکھیں گے، یہ کردار ہر سطح پر شوہر اور بیوی کے درمیان رابطے کی عکاسی کرتا ہے۔ واضح رہے کہ علی رحمان خان بہت کم عرصے میں اپنی منفرد اداکاری اور پر کشش شخصیت کی وجہ سے وطن عزیز میں ہرکسی کے دل کی دھڑکن بن چکے ہیں، ان کا پہلا ڈرامہ ’’رشتے کچھ ادھورے سے‘‘تھا جس میں انھوں نے ایک جذباتی شخص کا کردار انتہائی دلچسپ طریقے سے نبھایا ، ان کے دیگر ڈراموں میں ’’ دیار دل ‘‘ اور ’’میں خیال ہوں کسی اور کا‘‘ کا شمار ایسے ڈراموں میں ہوتا ہے جس میں انھوں نے ہزاروں بلکہ لاکھوں لوگوں کے دل جیتے ہیں اور انہیں اپنا مداح بنایا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستانی فلم ’’جانان‘‘میں ان کا کردار مزاحیہ تھا، اس فلم میں انھوں نے اپنے کردار سے پورا پورا انصاف کیا ، اس میں کوئی شک نہیں کہ انھوں نے اب تک جتنے بھی کردار کیے ہیں اسے کمال کی حد تک نبھانے کی کوشش کی ہے۔