ممبئی (سچ نیوز) بالی وڈ میں ان دنوں سٹارز کی شادی کا سیزن ہے تو ایسے میں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی دوستی کے چرچے بھی گرم ہیں تاہم اب عالیہ کے والد اور ہدایت کار مہیش بھٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی صاحبزادی اور رنبیر کے درمیان محبت کا رشتہ ہے۔بھارتی نیوز ویب سائٹ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مہیش بھٹ نے حال ہی میں برطانوی جریدے ٹیلی گراف کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عالیہ اور رنبیر ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں اور اس کو سمجھنے کیلئے کسی ذہانت کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ رنبیر پسند ہے، وہ ایک بہت اچھا لڑکا ہے، وہ اپنے رشتے کو کیسے آگے بڑھاتا ہے، یہ ان پر منحصر ہے، وہ سمجھدار ہے۔مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ میں اس حوالے سے عالیہ کو کوئی تجویز نہیں دینا چاہتا کیونکہ جب میرا دور تھا تو مجھے بھی پسند نہیں تھا کہ کوئی میری زندگی میں مداخلت کرے، یہی بات میں عالیہ کیلئے بھی سوچتا ہوں۔ یہ وقت ہی بتا سکتا ہے کہ عالیہ اپنے مستقبل کیلئے کیا فیصلہ کرے گی، زندگی جینے کا نام ہے اور وہ جینے کے طریقے جانتی ہے، دیکھا جائے گا کہ کل ہمارے لئے کیا لاتا ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ برس سے رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے درمیان دوستی محبت میں تبدیل ہوچکی ہے اور دونوں اپنی محبت کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوکر امر کرنا چاہتے ہیں۔رنبیر کپور نے جون کے اوائل میں ایک انٹرویو کے دوران اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ عالیہ بھٹ کی حقیقی زندگی اور اداکاری کے بے انتہاءدیوانے ہیں۔رپورٹس کے مطابق رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے درمیان قربتیں ایان مکھرجی کی فلم ’برہماسترا‘ کی شوٹنگ کے دوران بڑھیں اور سال نو کے موقع پر رنبیر نے عالیہ بھٹ سے اپنے دل کی بات کی جسے اداکارہ نے قبول کرلیا۔