بارسلونا (غفور احمد قریشی سے ) سپین میں سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی گیارھویں برسی کے حوالہ سے ایک بڑی تقریب بادالونا میں منائی گئی جس میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی سمیت ہر مکتبہ فکر سے متعلق افراد کے ساتھ ساتھ حکمران جماعت کے نمائندگان نے بھی شرکت کی ۔ چوہدری عمران اختر چھوکر کلاں کی زیر صدارت اس دعائیہ تقرییب کا باقاعدہ آغاز یوسف چوہدری نے تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺسے ہوا۔ مہمان خصوصی پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کے صدر ڈاکٹر ارشاد کمبوہ اور پیپلز یوتھ آرگنائزیشن یورپ صدر آصف خان تھے ۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض انجام دیتے ہوئے سیکریٹری نشرواشاعت یورپ اور نائب صدر سوشلسٹ پارٹی بارسلونا ڈویژن حافظ عبدالرزاق صادق نے تقریب کے خوبصورت انعقاد پر چوہدری ساجد گوندل ، چوہدری شاہد لطیف گجر، اقبال گجر، پروفیسر طاہر، نعیم عباس بھٹی، میاں دانش، ملک عمران، اشرف مغل، شعیب تارڑ، ذوالقرنین سمیت دیگر کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سپین کی تمام سیاسی وسماجی جماعتوں کے نمائندگان کو بھی ویلکم کہا۔ پیپلز پارٹی یورپ کے صدر ڈاکٹر ارشاد کمبو ہ نے کہا کہ اگر ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت نہ ہوتی تو یقیناً آج پاکستان کے حالات اس طرح نہ ہوتے ، ہمارے لیڈران کی شہادت پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان سے افسوسناک عمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بھٹو کے نظریے کی تکمیل ہو گی ، ڈاکٹر ارشاد کمبوہ نے کہا کہ جو بھی لیڈر اچھا کام کرئے تو حوصلہ افزائی ہونی چاہیئے مگر الزامات کی سیاست ختم ہونی چاہیئے ، بھٹو خاندان عوام سے محبت کرنیوالا خاندان ہے ، میڈیا سے بھی گزارش ہے کہ خوامخواہ کی ٹلی باندھ کر صحافت نہ کیا کریں ۔ پیپلزپارٹی یورپ کے صدر ڈاکٹر ارشاد کمبوہ نے راہنما پیپلز پارٹی چوہدری ساجد گوندل کو پیپلز پارٹی نائب صدر یورپ کی آفر بھی کی لیکن سب کی مشاورت سے ملک ابرار کو نائب صدر یورپ بنایا گیا. پیپلز یوتھ آرگنائزیشن یورپ کے صدر آصف خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ زندہ بھی بے نظیر تھیں اور شہید بھی بے نظیر ہیں ، محترمہ نے عورتوں کے حقوق کیساتھ ساتھ پاکستان میں عدل و انصاف اور غریب غْربا کے حق کی خاطر سیاست کی ، پیپلز پارٹی ختم نہیں ہوئی بلکہ آنیوالے وقت میں ہر جیالا اپنے قائد بلاول بھٹو کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہو گا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی سپین کے نائب صدر چوہدری عابد ، جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی کشمیر کمیٹی یورپ شاہریز بشیر چوہدری ، جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی سپین طارق جمال گْجر ، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن یورپ کے جنرل سیکریٹری چوہدری نوید نبی. سجاد انور اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر جیالے مقرر چوہدری ساجد گوندل نے جذبات سے بھر پور خطاب کے ساتھ ہال میں نعرے لگاتے ہوئے ماحول کو گرما دیا ۔ حکمران سوشلسٹ جماعت سپین کی ڈپٹی گورنر کاتالونیا مونسرات گارسیا اور پہلے مسلمان ممبر قومی اسمبلی سپین محمد شعیب نے بھی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی خدمات کو سراہا ۔ میاں عبدالرؤف آرائیں نے پارٹی نظم پیش کی جبکہ جاوید اقبال گل جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی سپین نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا ، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سپین کی تنظیم سازی کا بھی اعلان کیا گیا جس میں صدر سجاد انور کو صدر ، ناصر عابد سینئر نائب صدر ، جنرل سیکریٹری نثار احمد ، روبن کھوکھر سیکریٹری نشروشاعت اور دیگر عہدوں کا بھی اعلان کیا گیاَ تقریب میں محمد اقبال چوہدری نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی روح کے ایصال ثواب سمیت سابق صدر پیپلز پارٹی سپین چوہدری عمرفاروق رانجھا کی روح کیلئے بھی دعائے خیر کی اور پاکستان سمیت تمام اْمت مسلمہ کی بہتری کیلئے بھی دعا کی گئی۔