اسلام آباد (سچ نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چودھری نے کہاہے کہ حکومت کا کاروبار ہمیں چور چور کہہ کرچل رہاہے ، لوگوں کو بدنام کرکے کچھ حاصل نہیں ہوگا ، حکومت ہوش کے ناخن لے ۔سماءنیوز کے پروگرام ”نیوز بیٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہا کہ احتساب کانظام سب کے لئے ایک جیسا ہوناچاہئے ، ملک کولوٹنے والوں کےخلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے پہلے سودن میں ناکام ہوئی ہے،تحریک انصاف حکومت میں آکر بھی گالم گلوچ کررہی ہے ۔ان کا کہنا تھاکہ حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور بدقسمتی سے عمران خان وزیراعظم ہیں، لوگوں کو بدنام کرکے انھیں کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کو ذمہ دار اپوزیشن کاسامنا ہے جبکہ مسلم لیگ ن کی حکومت کو پاکستان کی تاریخ کی بدترین اپوزیشن کاسامنا تھا ،موجودہ حکومت نے یوٹرن کوحلال قرار دیدیاہے ۔ ان کاکہنا تھا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے ، اس طرح حکومتیں نہیں چلتیں، ہمیں چور چور کہہ کر حکومت کا کاروبار چل رہاہے ۔