وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ جلسے، اجتماعات سے متعلق 4 اپریل کو سی ای ای فیصلہ کرے گی،ہالز، اجتماعات پر پابندی کو کم، زیادہ بھی کیا جاسکتا ہے۔
کراچی میں وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ شادی کی تقریبات سمیت بڑے اجتماعات نہ کیے جائیں، اسکولوں کے ساتھ مدارس کیلئے بھی وہی ایڈوائزری ہے جو حکومت نے جاری کی۔
ناصر حسین کا کہناتھا کہ تفتان بارڈر پر کرونا اسکریننگ اور انتظامات ناکافی ہیں، سندھ حکومت کی جانب سے اسپرے مختلف جگہوں پر کیا جارہا ہے،سندھ میں کرونا وائرس کے 2 مریض صحتیاب ہوچکے باقی بھی روبہ صحت ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے فوڈ سیکیورٹی پروگرام کو انتظام کا کہہ دیا ہے،صورتحال خراب ہوئی تو گھروں پر فوڈ آئٹمز پہنچائے جائیں گے۔
ان کا کہناتھا کہ کرونا کاکوئی عام ٹیسٹ نہیں اور سب کوٹیسٹ کروانے کی ضرورت بھی نہیں،نزلہ زکام والے افراد احتیاط کے طور پر گھروں میں رہیں،اگر وائرس پھیل گیا تو لوگ پھر اپنے گھروں میں رہیں۔
ناصر حسین نے یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ولیمے تقریب سے متعلق آگاہ کیا کہ سابق وزیراعظم کےبیٹےکے ولیمے کی تقریب منسوخ کردی،عوام کے خادم ہیں ہم پر بھی بہت ساری پابندیاں ہیں۔