جدہ ( محمد اکرم اسد) او آئی سی میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید محمد فواد شیر نے او آئی سی سیکرٹریٹ میں سیکریٹری جنرل حسین براہیم طہٰ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سفیر فواد شیر نے سیکریٹری جنرل کو خطے میں پاکستان کی امن اور ثالثی کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے 08 اپریل 2026 کو فوری جنگ بندی کے لیے مذاکرات کیے اور ایران اور امریکہ کے درمیان تاریخی ‘اسلام آباد مذاکرات’ کی میزبانی کی۔سفیر نے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات دونوں فریقوں سے پاکستان کے قریبی رابطے اور بھرپور سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں وزیراعظم، نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز کے کردار کو سراہا۔
سفیر فواد شیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں فریقوں کے درمیان رابطہ جاری رہے گا اور جنگ بندی برقرار رہے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان مکالمے اور سفارت کاری کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے اپنا ثالثی کردار جاری رکھے گا۔سیکریٹری جنرل حسین براہیم طہٰ نے بریفنگ پر شکریہ ادا کیا اور اسلام آباد مذاکرات کی میزبانی پر پاکستان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستان کی تعمیری ثالثی پر مکمل اعتماد ہے اور جنگ بندی کے حصول میں پاکستانی قیادت کے کردار کے شکر گزار ہیں۔
سیکریٹری جنرل نے او آئی سی کے بانی رکن کے طور پر پاکستان کے فعال کردار اور امت کے مسائل حل کرنے میں اس کی کوششوں کو بھی سراہا۔
