ممبئی (سچ نیوز) اپنے غیر سنجیدہ رویے اورڈپریشن کا شکار رہنے والے سٹینڈ اپ کامیڈین کپل شرما کو شادی کے ساتھ ہی زندگی کی بڑی خوشخبری مل گئی ہے۔ایک وقت میں بھارت کے سب سے بڑے کامیڈین سمجھے جانے والے کپل شرما شادی کے بعد ایک بار پھر اپنا پروگرام دوبارہ شروع کرنے جارہے ہیں۔ ان کا پروگرام آج (ہفتہ) سے سونی ٹی وی پر بھارتی وقت کے مطابق رات ساڑھے 9 بجے شروع ہوگا اور ہفتے میں دو دن پیش کیا جائے گا۔ پروگرام کی کاسٹ میں اس بار کچھ نئے اور کچھ پرانے چہرے شامل ہوں گے۔ دی کپل شرما شو کی کاسٹ میں اب کی بار کرشنا ابھیشیک اور بھارتی سنگھ کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ سمونا چکروتی ، کیکو شاردھا اور چندن پربھاکر پر مشتمل پرانی ٹیم بھی شو کا حصہ ہوگی۔خیال رہے کہ کچھ عرصہ پہلے کپل شرما کی آسٹریلیا سے واپس آتے ہوئے جہاز میں اپنے دوستوں کے ساتھ لڑائی ہوگئی تھی۔ یہ لڑائی اس حد تک بڑھ گئی کہ کپل شرما شو کے اہم کردار سنیل گروور، علی اصغر اور سگندھا مشرا پروگرام سے کنارہ کش ہوگئے۔ کپل شرما نے نئے لوگوں کے ساتھ پروگرام چلانے کی کوشش کی لیکن عوام میں خاص پذیرائی حاصل نہ ہوسکی جس کی وجہ سے پروگرام بند کرنا پڑا تھا۔کچھ روز پہلے کپل شرما اپنی پرانی دوست کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھے ہیں اور لگتا ہے کہ یہ شادی ان کیلئے خوش قسمت ثابت ہوئی ہے کیونکہ شادی کے بعد ہی ان کا پروگرام دوبارہ شروع ہوا ہے۔ کیا ان کا پروگرام پہلے کی طرح کامیابی کے جھنڈے گاڑ سکے گا؟ یہ وہ سوال ہے جس کا جواب آج کی قسط آن ایئر ہونے کے بعد ہی دیا جاسکتا ہے۔