ممبئی(سچ نیوز)بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہی جس کے سبب فلم پہلے روز خاطرخواہ بزنس نہ کرسکی۔بھارت میں بالی ووڈ کے بادشاہ کا خطاب پانیوالے شاہ رخ خان کا ستارہ ان دنوں گردش میں ہے اور گزشتہ کئی سالوں میں وہ ایک بھی بلاگ بسٹر فلم دینے میں ناکام رہے ہیں تاہم ان کی نئی فلم ’زیرو‘ سے نہ صرف شائقین کو بلکہ خود اداکار کو بھی امیدیں وابستہ تھیں جبکہ فلم کی کرسمس پر ریلیز سے فلمسازوں کو کمائی کی زیادہ توقع تھی تاہم کنگ خان ایک بار پھر شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام دکھائی دیئے۔ بھارتی تجزیہ کار ترن آدرش نے گزشتہ روز فلم کے ریلیز کے چند گھنٹوں بعد ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کے ذریعے فلم کو ناکام اور مایوس کن قرار دیا تھا اور اب ایک اور ٹوئٹ کے ذریعے انہوں نے اپنی بات کا ثبوت بھی دیدیا جس میں انہوں نے فلم کے پہلے روز کی کمائی کا ریکارڈ بتایا۔ ترن آدرش نے ٹوئٹ میں کہا کہ شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ کو ریکارڈ اسکرین ملی لیکن اس کے باوجود فلم خاطرخواہ کمائی کرنے میں ناکام رہی اور کرسمس کے موقع پر بھی فلم پہلے روز صرف 20 کروڑ کمانے میں کامیاب ہوئی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک صارف نے ٹوئٹ میں ترن آدرش کے تجزیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک ہی سال میں بالی ووڈ کے تینوں خانز کی فلم کو پہلے ہی روز فلاپ قرار دیا اور ان کا تجزیہ بالکل درست ثابت ہوا۔