اسلام آباد: (سچ نیوز ) ڈالر کی اونچی اڑان نے ملک میں مہنگائی کے طوفان آنے کی نوید سنا دی، ٹریڈنگ کے دوران ڈالر تاریخ کی بلند ترین پر پہنچا تو درآمدات کنندگان نے کھانے پینے اور گھریلو استعمال کی مختلف اشیا کے دام بڑھنے کا عندیا دے دیا۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ ڈالر کی قدر بڑھتے ہی کھانے پینے کی مختلف اشیا کی قیمتیں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
خشک دودھ، کھانا پکانے کا تیل، پتی اور دالیں 5 سے 10 روپے کلو تک مہنگی ہو جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، اس کے علاوہ الیکٹرونک مصنوعات بھی 1 سے 5 ہزار روپے تک مہنگی ہو جائینگی۔
کچھ عرصہ قبل روپے کے مقابلے میں ڈالر 12 روپے مہنگا ہو کر 136 روپے کی سطح پر آ گیا تھا جس کی وجہ سے پہلے ہی ملک میں مہنگائی کا طوفان آ چکا ہے جس نے عوام کی قوت خرید بری طرح متاثر کر دی ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ حکومت مہنگائی کم کرنے کے دعوؤں کے بجائے عملاً اقدامات کرے تا کہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔