چھتر پور(سچ نیوز)ہندوستانی وزیر اعظم نریندرا مودی نے کہا ہے کہ میری ماں کو تو سیاست کا ’’س‘‘ بھی نہیں آتا ،کانگریس میرا مقابلہ نہیں کر سکتی،لہذا بیکار کے بیانات کے ذریعے میری ماں کو بدنام کرتے ہوئے سیاست میں گھسیٹ رہی ہے۔بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق ہندوستانی وزیر اعظم نریندرا مودی نے ماضی کے معروف بالی ووڈ ہیرو اور کانگریس کے رہنما راج ببر کی جانب سے ان کی والدہ کے حوالے سے ناشائستہ زبان استعمال کرنے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہجب کسی کا غرور عروج پر ہو اور اس کے پاس کوئی ایشو نہ ہو، تب ہی وہ کسی کی ماں کو برا بھلا کہنے تک پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میری ماں کو توسیاست کا’س‘ بھی نہیں آتا لیکن کانگریس انہیں بھی اپنی گھٹیا سیاست میں گھسیٹ کر لے آئی ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی اداکار اور کانگریس لیڈر راج ببر نے دو روز قبل ایک انتخابی ریلی میں کہا تھا کہ وزیر اعظم بننے سے پہلے مودی کہتے تھے کہ ڈالر کے سامنے روپیہ اتنا گر گیا ہے کہ اس کی قیمت اس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ کی عمر کے قریب جا رہا ہے۔راج ببر نے کہاکہ وزیر اعظم صاحب، آپ نے تو تب عزت سے ان کا نام نہیں لیا تھا، لیکن ہماری روایت یہ نہیں کہتی، ہم تو یہ کہنا چاہیں گے کہ آج روپیہ گر کر آپ کی ماتا کی عمر کے قریب پہنچنا شروع ہو گیا ہے۔