لاہور(سچ نیوز)صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عمران خان اور سردار عثمان بزدار کی قیادت میں ہم پنجاب میں ایسی ثقافت کو فروغ دیں گے جو ہمارے صوبے کی پہچان ہے،میری کوشش ہے کہ ہمیں اپنی فلم انڈسٹری اور ڈرامہ انڈسٹری کو فروغ دیں،وہ فن اور کلچر دکھائیں جو ہم سب اپنے گھروں میں بیٹھ کر اپنی فیمیلیز کے ساتھ دیکھ سکیں۔نجی ٹی وی کے مطابق الحمرا آرٹس کونسل میں بچوں کا شہرہ آفاق ڈرامہ ’’عینک والا جن‘‘کی ٹیم سے ملاقات کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ عنقریب فنکاروں کے لیے ہیلتھ انشورنس کارڈ کا اجرا کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے تقریبا چار لاکھ کی سالانہ ہیلتھ انشورنس صرف فنکاروں کو ہی نہیں بلکہ ان کی فیملیزکو بھی دی جائے گی،فنکاروں اور ان کے اہل و عیال کی بہتری کے لیے اپنے محکمے کی حد تک جو کر سکا کروں گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی موسیقی، اپنے ڈرامے اوراپنی فلم کو پروموٹ کرنا چاہیے،اب بھارتی کلچر کا فروغ بند ہونا چاہیے،ہماری ثقافت میں بہت خوبصورتی ہے جبکہ بھارتی ثقافت صرف بے حیائی ہے، میں عینک والا جن کی پوری ٹیم خصوصا حسیب پاشا صاحب کو مبارک باد دوں گا جو اتنے طویل عرصے سے پوری کامیابی کے ساتھ اس ڈرامے کو چلا رہے ہیں اور دعاگو ہوں کہ یہ ڈرامہ اور اس میں کام کرنے والے فنکاردن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کریں۔اس موقع پر فیاض الحسن چوہان نے مشہور ڈرامہ’’عینک والا جن‘‘ بھی دیکھااور خوب محظوظ ہوئے ۔