نئی دہلی(سچ نیوز)بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کو جہاں انٹرنیٹ پر شادی کی مبارکبادیں مل رہی ہیں وہیں بہت سے بھارتی شہری ان پر تنقید بھی کر رہے ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ پریانکا نے اپنی شادی میں وہ کام کر ڈالا ہے جس کی وہ شدید مخالفت کرتی تھیں۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق پریانکا چوپڑا ہمیشہ سے پٹاخوں اور آتش بازی کی مخالف رہی ہیں جو فضائی آلودگی کا سبب بنتی ہے۔ حتیٰ کہ وہ دیوالی پر بھی پٹاخے چلانے پر تنقید کرتی تھیں اور ’پٹاخہ فری دیوالی‘ کی حامی تھی اور کہا کرتی تھیں کہ دیوالی دیئے، لڈو اور محبت کے ساتھ منائی جانی چاہیے کیونکہ پٹاخوں سے کتے اور دوسرے جانور ڈرتے ہیں اور آلودگی بھی پھیلتی ہے۔


تاہم اپنی اس موقف کے یکسرالٹ کام کرتے ہوئے پریانکا نے خود اپنی شادی پرشاندار آتش بازی کا مظاہرہ کر ڈالا۔جس پر بھارتی
شہریوں نے انہیں منافق قرار دے دیا ہے۔ اے این آئی نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر پریانکا کی شادی میں ہونے والی آتش بازی کی ویڈیو پوسٹ کی تو کمنٹس میں صارفین نے اداکارہ پر کڑی تنقید شروع کر دی۔ ایک صارف نے لکھا کہ ”دیوالی پر پٹاخے چلائیں تو برا لیکن اپنی شادی پر چلائیں تو اچھا۔“رشی باگڑی نامی شخص نے لکھا کہ ”یہ بالی ووڈ والے لوگ ایسے ہی منافق ہیں۔“انکر سنگھ نے لکھا کہ ”دیوالی پر پٹاخے چلائیں تو پریانکا کا کتا ڈر جاتا ہے لیکن اس کی شادی پر پٹاخے چلنے سے وہ نہیں ڈرتا۔“





























