نئی دلی (سچ نیوز) بھارتی میڈیا نے پاکستان دشمنی میں مودی سرکار کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور ناممکن چیزوں کو خبروں کا روپ دے کر پاکستان مخالف پراپیگنڈا کرنے لگا۔بھارتی ٹی وی چینل نیوز 18 نے ایک نیا شوشہ چھوڑتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے دریائے ستلج میں زہریلا پانی چھوڑ دیا ہے جس کے باعث نہ صرف بھارت کے کئی دیہات زیر آب آگئے ہیں بلکہ کئی جگہوں پر سنگین بیماریاں پھیلنے کا بھی خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔نیوز 18 نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ دریائے ستلج پاکستان کی طرف سے ہو کر بھارتی پنجاب میں داخل ہوتا ہے۔ یہ داخلہ ضلع فیروز پور کے گاﺅں ٹینڈی والا سے ہوتا ہے جہاں پاکستان کے زہریلے پانی کی وجہ سے بند ٹوٹ گیا اور سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔بھارتی ٹی وی چینل کے اس دعویٰ کو دیکھ کر کوئی بھی صاحب عقل انسان اپنا سر پکڑنے پر مجبور ہوسکتا ہے کیونکہ چینل نے ایک ایسا دعویٰ کیا ہے جس کو دنیا کے سارے اعلیٰ دماغ بھی مل کر سچ ثابت نہیں کرسکتے۔ پوری دنیا یہ بات جانتی ہے کہ دریائے ستلج بھارتی پنجاب سے پاکستان میں داخل ہوتا ہے اور سندھ طاس معاہدے کے تحت اس کے پانی پر بھارت کا حق ہے ۔بھارت میں دریائے ستلج میں جب بھی پانی کی زیادتی ہوتی ہے تو اضافی پانی پاکستان کی طرف چھوڑ دیا جاتا ہے جس کے باعث قصور سے وہاڑی تک پنجاب کے اکثر علاقے زیر آب آجاتے ہیں۔ نیوز 18 نے جس قسم کا پراپیگنڈا کرنے کی کوشش کی ہے اس سے بھارتی میڈیا کی ذہنیت کا بخوبی اندازہ ہوجاتا ہے۔