اسلام آباد: (سچ نیوز) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض کے لیے جاری مذاکرات ختم ہو گئے۔ فریقین اپنے اپنے موقف سے ڈٹے رہے۔ پاکستان نے چین کے ساتھ مالی معاونت کی تفصیلات دینے سے صاف انکار کر دیا۔ وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف نے مذاکرات کے بعد الگ الگ اعلامیہ جاری کیا۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا آخری دور وزارت خزانہ میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق فریقین اپنے اپنے موقف پر قائم رہے جس کے باعث چھ سے آٹھ ارب ڈالر کے بیل آوٹ پیکج پر پیش رفت نہ ہوسکی۔ پاکستان نے چین سے ملنے والی مالی معاونت کی تفصیلات دینے سے انکار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ نہیں کیا جاسکتا۔
دوسری جانب آئی ایم ایف اور وزارت خزانہ نے مشترکہ اعلامیے کے بجائے اپنا اپنا اعلامیہ جاری کیا تاہم اس بات اتفاق کیا گیا ہے کہ قرض پروگرام کے لیے مذکرات جاری رہیں گے۔
حکومت پاکستان معاشی نظم و ضبط اور شفافیت بڑھائے گی جبکہ ٹیکس اور معاشی اصلاحات پر بھی اتفاق کیا گیا۔ آئی ایم ایف وفد بائیس نومبر کو اپنی حتمی سفارشات پاکستان کے حوالے کرے گا۔