ممبئی(سچ نیوز) لطیفوں میں تو شادی کے بعد مرد کی آزادی سلب ہونے کا نوحہ پڑھا جاتا ہے، اب رنویر سنگھ نے بھی دپیکا سے شادی کے بعد تین ایسے کام بتا دیئے ہیں جو وہ پہلے تو کرتے تھے لیکن اب نہیں کر سکتے۔ دی نیوز کے مطابق ایک انٹرویو میں 33سالہ اداکار نے کہا کہ ’’اب میں شادی شدہ آدمی ہوں اور تین ایسی چیزیں ہیں جو اب میں نہیں کر سکتا۔ پہلی، اب میں رات کو دیر تک گھر سے باہر نہیں رہ سکتا۔ دوسری، اب میں کھانا کھائے بغیر گھر سے نہیں نکل سکتا اور تیسری یہ کہ اب میں دپیکا کی فون کالز مس نہیں کر سکتا۔‘‘انٹرویو میں رنویر سنگھ نے کچھ اور انوکھی باتیں بھی بتائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’شادی سے پہلے میں دپیکا کے ساتھ چند منٹ گزارنے کے لیے طویل فضائی سفر کرتا تھا۔ اب شاید وہ بھی نہیں کر سکوں گا۔‘‘ جب میزبان نے ’چند منٹ‘ پر زور دیتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا تو رنویر کی حسِ مزاح پھڑکی اور انہوں نے ترنت جواب دیا ’’میرے لیے چند منٹ ہی کافی ہیں۔‘‘