لاہور(سچ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی پنجاب کو ہدایت جاری کی ہے کہ اگر سانحہ ساہیوال کی متاثرہ فیملی جوڈیشل کمیشن کے قیام پر مطمئن ہوتی ہے تو اس پر غور کیا جائے۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو ہدایت جاری کی ہے کہ سانحہ ساہیوال کی متاثرہ فیملی کی بات سنی جائے اور اگر وہ جوڈیشل کمیشن کے قیام پر مطمئن ہوتی ہے تو اس پر غور کیا جائے،وزیراعظم نے سردار عثمان بزدار کو کو سانحہ ساہیوال کی متاثرہ فیملی سے ملاقات کی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ان سے ملاقات کرینگے۔ وزیراعظم نے متاثرہ فیملی میں ایک کینسر زدہ مریض کے علاج کی بھی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کا متاثرہ فیملی کے ساتھ رویہ مانیٹر کیا جائے۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعظم کو سانحہ ساہیوال کی تحقیقات میں پیشرفت پر بریفنگ جب کہ پولیس اصلاحات اور صوبے میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق بھی انہیں آگاہ کیا گیا۔بعدازاں وزیراعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی ملاقات کی جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے علاوہ وزیراعظم نے میڈیا اسٹریٹجک کمیٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار، نعیم الحق، افتخار درانی، صمصام بخاری، عائشہ چوہدری، یوسف بیگ مرزا، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ، زلفی بخاری اور دیگر بھی شریک تھے۔