اسلام آباد (سچ نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے آل پاکستان نیوز پیپر ایسوسی ایشن (اے پی این ایس) کے وفد کو مل کر میڈیا کو درپیش مشکلات حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ اشتہارات کے بقایہ جات کی ادائیگی کیلئے چیف جسٹس کیساتھ بھی وعدہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزارت اطلاعات نے اے پی این ایس کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر خزانہ اسد عمر شریک ہوئے۔ اے پی این ایس کے وفد میں صدر حمید ہارون، سیکرٹری جنرل سرمد علی، مجیب الرحمان شامی، رمیزہ نظامی، جمیل اطہر، سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل، چیئرمین پی ٹی وی ارشد خان اور پی آئی او میاں جہانگیر و دیگر ممبران شامل تھے۔اے پی این ایس کے وفد نے وفاقی وزراءکو میڈیا کو درپیش مالی مشکلات سے آگاہ کیا اور حکومت کے ذمہ واجب الادا بقایہ جات کی ادائیگی پر زور دیا۔ وفاقی وزراءنے اے پی این ایس کے ساتھ مل کر معاملات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ اے پی این ایس کے ساتھ مل کر میڈیا کو درپیش مشکلات حل کریں گے جبکہ اشتہارات کے بقایہ جات کی ادائیگی کیلئے بھی چیف جسٹس سے وعدہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) سے مذاکرات بھی جاری ہیں، ماضی میں ڈالر کی قیمت کو روکنے کیلئے مصنوعی طریقے استعمال کئے گئے۔ وزیر خزانہ نے جہانگیر ترین کیساتھ جھگڑے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ استعفیٰ کی خبریں بھی محض افواہیں ہیں، میڈیا کو غیر مصدقہ خبریں نشر نہیں کرنی چاہئیں۔