اسلام آباد: (سچ نیوز) قومی احتساب بیورو نے وفاقی وزیر داخلہ پرویز خٹک کا بھی پرانا کھاتہ کھول لیا، تفتیشی ٹیم نے مالم جبہ لیز سکینڈل کی تحقیقات کے بعد ریفرنس دائر کرنے کا کہہ دیا۔
مالم جبہ غیر قانونی لیز سکینڈل میں نیب تفتیشی ٹیم نے سابق وزیرِاعلیٰ کے پی پرویز خٹک کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کر دی، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان بھی ممکنہ شریک ملزم ہیں۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق نیب نے مالم جبہ کیس کی تحقیقات مکمل کر لی ہے جس میں ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد حاصل کر لئے گئے ہیں، تفتیشی ٹیم نے سفارش کی ہے کہ موجودہ وزیر داخلہ اور سابق وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے۔
نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ریفرنس میں وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو شریک ملزم بنایا جائے، نیب ایگزیکٹو بورڈ ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے گا۔