لاہور(سچ نیوز)ٹی وی اور پاکستانی فلموں کے معروف اداکار بابر علی قتل کی دھمکیاں ملنے پر ملک چھوڑ کر امریکا چلے گئے۔نجی ٹی وی کے مطابق اداکار بابر علی کو نامعلوم افراد کی طرف سے نہ صرف دھمکی آمیز کالز آرہی تھیں بلکہ نامعلوم افراد نے مختلف اوقات میں ان کی گاڑی کا تعاقب بھی کیا تھا جس پر انہوں نے تھانہ ڈیفنس سی لاہور میں 16 نومبر کو مقدمہ بھی درج کرایا تھا۔اداکاربابر علی مسلسل نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکیاں موصول ہو نے پر انتہائی ذہنی اذیت اور نفسیاتی دباؤ کا شکار تھے ،جس کے بعد وہ دھمکیاں ملنے کے بعد پا کستا ن کو مستقل طور پر خیرباد کہہ کر امریکا چلے گئے ہیں۔تھانہ ڈیفنس سی میں درج کرائی جانے والی ایف آئی آر کے مطابق بابر علی کو نامعلوم افراد کی جانب سے ٹیلی فون پر قتل کی دھمکیاں دی گئیں،جان بچانے کے لیے اداکار بابر علی غیر ملکی ائیر لائن کے ذریعے براستہ دوحہ امریکہ روانہ گئے ہیں۔اداکار بابر علی کا کہنا تھا کہ دھمکیوں اور تعاقب کا سلسلہ نجی ٹی وی پر ان کا ایک ٹی وی ڈرامہ نشر ہونے کے بعد شروع ہوا، انتہا پسند عناصر فنکاروں کے خلاف بھی متحرک ہیں۔واضح رہے کہ نجی ٹی وی پر پیش کردہ ڈرامے میں حساس مذہبی مسئلے کو ٹی وی سکرین پر موضوع بنایا گیا تھا۔