نئی دہلی (سچ نیوز) بھارتی ٹی وی کے تقریباً ہر ڈرامے میں ایک یا اس سے زیادہ منفی کردار ضرور ہوتا ہے جسے ادا کرنے کیلئے اداکارہ بھی ایسی چنی جاتی ہے کہ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے وہ اصلی زندگی میں بھی ایسی ہی ہے اور اگر ایسا نہیں بھی
ہے تو کم از کم امرپالی گپتا کے معاملے میں تو ایسا ہی ہوا ہے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ٹی وی اداکارہ امرپالی گپتا کیساتھ گزشتہ روز ایسا ناقابل یقین واقعہ پیش آیا کہ کسی کیلئے بھی یقین کرنا مشکل ہو جائے۔ امرپالی گپتا نے ٹی وی ڈرامے ’قبول ہے‘ میں ’تنویر‘ کا منفی کردار نبھایا جو ایک بزرگ خاتون کے دماغ پر ایسی چھاپ چھوڑ گیا کہ وہ اداکارہ کو دیکھتے ہی ان پر حملہ آور ہو گئیں۔بزرگ خاتون نے ان پر صرف وجہ سے حملہ کیا کیونکہ ان کا خیال ہے کہ اداکارہ نے ’قبول ہے‘ ڈرامے میں منفی کردار ادا کر کے غلط کیا ہے۔ اس حملے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ بزرگ خاتون نے اچانک حملہ کردیا اور مجھ پر چیخنا چلانا شروع ہوگئیں، میں کچھ بھی نہیں کر پارہی تھی کیونکہ وہ ایک ادھیڑ عمر تھیں۔انہوں نے بتایا کہ میں بری طرح زخمی ہوچکی تھی لیکن اس بات پر خوشی بھی ہوئی کہ کم از کم لوگوں کو میرا نبھایا گیا کردار یاد تو ہے، بھلے ہی وہ منفی ہی تھا۔ واضح رہے کہ امرپالی گپتا ‘شاکا لاکا بوم بوم’، ‘بنوں میں تیری دلہن’، ‘دیووں کا دیو مہادیو’ اور ‘قبول ہے’ جیسے مشہور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اداکارہ 19 دسمبر کو اپنی سالگرہ منا رہی تھیں اور اسی سلسلے میں وہ مندر گئیں جہاں مداحوں نے انہیں گھیر لیا اور سیلیفیاں بنانا شروع کردیں۔ اتنے میں اچانک عوام کے درمیان سے ایک بزرگ خاتون نکلیں اور اداکارہ پر حملہ آور ہوگئیں جس دوران اداکارہ کے جسم پر مختلف خراشیں اور زخم پڑگئے جن کی تصاویر بھی سامنے آ چکی ہیں۔