لندن (سچ نیوز) برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کی موت مدتوں بعد بھی ایک معمہ ہے جس کے بارے میں کچھ نہ کچھ نئے انکشافات ہوتے رہتے ہیں۔ لیڈی ڈیانا کی موت کے حوالے سے آج ہی برطانوی ٹی وی چینل ایک ڈاکیو منٹری پیش کرنے جارہا ہے جس میں ملکہ برطانیہ اور شہزادہ چارلس کے ڈیانا کی موت کی خبر پر پہلے رد عمل کا تذکرہ کیا گیا ہے۔برطانوی اخبار ڈیلی سٹار کے مطابق چینل فائیو کی جانب سے آج رات 9 بجے نشر ہونے والی ڈاکیو منٹری میں بتایا گیا ہے کہ جس وقت لیڈی ڈیانا کی کار حادثے میں موت ہوئی تو ملکہ برطانیہ ان پہلے لوگوں میں سے تھی جنہیں اس بارے میں اطلاع دی گئی۔ ملکہ برطانیہ کو جب بریک فیل ہونے کے باعث ہونے پیش آنے والے کار حادثے کی خبر دی گئی تو الزبتھ دوم نے فوری سوال کیا کہ کہیں گاڑی کی بریکوں کو گریس تو نہیں لگایا گیا تھا؟۔ڈاکیومنٹری کے مطابق 31 اگست 1997 کو جب دودی الفائد اور لیڈی ڈیانا کی کار کو پیرس میں حادثہ پیش آیا تو ملکہ الزبتھ اپنے شہزادے چارلس اور دونوں پوتوں ولیم اور ہیری کے ساتھ بالمورل میں موجود تھیں۔ حادثے کی خبر ملی توولیم اور ہیری سوئے ہوئے تھے، ملکہ اور شہزادہ چارلس نے فیصلہ کیا کہ انہیں سونے دیا جائے ۔لیڈی ڈیانا کی موت کی خبر پاتے ہی چارلس نے اپنی سابقہ بیوی کی ڈیڈ باڈی وصول کرنے کیلئے شاہی طیارے پر پیرس جانے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر ملکہ نے انہیں منع کردیا۔ ڈاکیومنٹری میں بتایا گیا ہے کہ اس معاملے پر ملکہ اور شہزادے میں طویل جھگڑا ہوا اور آخر کار چارلس کی ضد کے آگے ملکہ کو ہتھیار ڈالنے پڑے۔