نئی دلی(سچ نیوز)آج کے دور میں انسان دال روٹی ہی کھا لے تو بڑی بات ہے، مگر اس بھارتی خاتون کو دیکھئے، یہ کئی سال سے دھات سے بنی اشیاء کھا رہی تھی، صرف لوہے جیسی سستی دھات نہیں بلکہ سونے جیسی قیمتی دھات سے بنے زیورات بھی کھا چکی ہے۔اخبار ’دی مرر‘ کے مطابق سنگیتا نامی خاتون کے معدے سے ڈاکٹروں نے ڈیڑھ کلو سے زیادہ دھاتی اشیا برآمد کی ہیں، جن میں ثابت جیولری کے علاوہ دھاتی چوڑیوں کے کٹے ہوئے حصے ، انگوٹھیوں کے ٹوٹے پھوٹے اجزا ، بالوں میں لگانے والی پنوں کے حصے، کیلیں ، نٹ بولٹ اور سیفٹی پن وغیرہ شامل ہیں۔اس خاتون کو پیٹ میں شدید درد کی شکایت کے ساتھ ہسپتال لایا گیا تھا اور ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس نے یہ اشیا گزشتہ کئی سال کے دوران نگلی ہیں۔ احمد آباد سول ہسپتال کے سرجرن ڈاکٹر ندین پارمر نے بتایا کہ ’’ مریضہ کا معدہ پتھر کی طرح سخت تھا۔ ہم نے ایکسرے کر کے معلوم کر لیا تھا کہ اس کے پیٹ میں سخت قسم کی بیرونی اشیا موجود ہیں جو ابتدائی معائنے سے ہی دھاتیں معلوم ہورہی تھیں۔ اس نے سیفٹی پن بھی نگل رکھیں تھیں جن کی وجہ سے اس کے معدے میں زخم آچکے تھے۔ مریضہ کا آپریشن فوری طور پر ضروری تھی ورنہ اس کی جان کو خطرہ لاحق تھا۔ ہم نے اس کے معدے میں سے ایک منگل سوتر بھی نکالالیکن اس بات کو سمجھ نہیں پائے کہ اس نے یہ کیسے نگلا ہوگا۔‘‘ڈاکٹرو ں نے سنگیتا کے نفسیاتی مسائل کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ’’ایکیو فیجیا‘‘ نامی نفسیاتی بیماری میں مبتلا ہے۔ اس نفسیاتی بیماری میں مبتلا افرادکودھاتی اشیا اور دیگر ایسی چیزیں نگلنے کی طلب محسوس ہوتی ہے جنہیں وہ ہضم نہیں کر سکتے ۔