ساہیوال: (سچ نیوز ) فیس بک پر دوستی کے بعد امریکی ریاست میکسیکو کی خاتون ہڑپہ کے نوجوان سے شادی کیلئے ساہیوال پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق میکسیکو کی رہائشی خاتون آئیسا بک کی نوجوان ساجد نواز سے فیس بک پر دوستی محبت میں بدل گئی اور خاتون ساہیوال کے قصبہ ہڑپہ کے گاؤں 103 سیون پہنچ گئی۔ قبول اسلام کے بعد لڑکی کا اسلامی نام فاطمہ رکھا گیا اور ساجد نوازسے کورٹ میرج ہوئی۔
گزشتہ روز ولیمہ کا اہتمام کیا گیا، قبل ازیں دولہا باقاعدہ دلہن لینے کے لئے اپنے ماموں کے گھر بینڈ باجے کے ساتھ بارات لے کر پہنچا جس میں عزیز اقارب اور دوستوں نے خوب بھنگڑے ڈالے جبکہ فاطمہ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں بہت خوشی محسوس کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ بھی 21 سالہ کاشف کی محبت میں مبتلا 41 سالہ امریکی خاتون نے اپنا گھر بار اور ملک چھوڑا اور پاکستان پہنچ کر نہ صرف اسلام قبول کیا بلکہ کاشف سے شادی بھی کر لی۔ جس کے بعد امریکہ کی ایک اور خاتون لاہور کے رہائشی لڑکے کی محبت میں گرفتار ہو کر پاکستان پہنچی۔ 23 سالہ محسن اور 19 سالہ ماریہ انجیلا کی سوشل میڈیا سائٹ انسٹا گرام پر دوستی ہوئی، لیکن کچھ ہی عرصے کے بعد یہ دوستی پیار میں بدل گئی۔
محسن کی محبت میں گرفتار ہو کر 19 سالہ ماریہ انجیلا ہزاروں میل کا سفر طے کر کے لاہور پہنچ گئی اور شادی کر لی۔ جبکہ آن لائن گیم پوکر کھیلتے کھیلتے امریکی خاتون منڈی بہاؤالدین کے 26 سالہ نوجوان کی محبت میں مبتلا ہو گئی۔امریکی خاتون نے اپنی محبت کی خاطر امریکہ سے پاکستان پہنچ کر شادی کر لی۔ سوشل میڈیا پر ان شادیوں کے حوالے سے کئی تبصرے کیے جا رہے ہیں۔





























