ممبئی (سچ نیوز) بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کے مبینہ عشق کا بھید انسٹاگرام پر ورون دھون نے ’بھابھی‘ کہہ کر کھول دیا ہے۔ سوناکشی کی تصویر پر ورون کی جانب سے کیے جانے والے کمنٹ کے بعد سے مختلف اندازے قائم کیے جا رہے ہیں لیکن امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اداکارہ ادیتیہ رائے کپور کے ساتھ گھر سجانے کے سپنے دیکھ رہی ہیں۔
فوٹو: انسٹاگرام
سوناکشی سنہا نے 3 روز قبل انسٹا گرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی جس کی وجہ سے ان کا ’بھابھی‘ کا بھانڈا بیچ چوراہے پھوٹ گیا۔ سوناکشی نے اپنے فوٹو شوٹ کی ایک تصویر شیئر کی تو اداکار ورون دھون بھی میدان میں آگئے اور انہیں بھابھی کہہ دیا۔
سکرین شارٹ: انسٹا گرام
انسٹاگرام پر ہونے والے اس انکشاف کے بعد بالی ووڈ کے جوتشیوں نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سوناکشی سنہا کا ادیتیہ رائے کپور کے ساتھ چکر چل رہا ہے اور ممکنہ طور پر دونوں شادی کے بندھن میں بھی بندھ سکتے ہیں۔ کرن جوہر کے مشہور زمانہ ٹی وی شو ’ کافی ود کرن‘ میں بھی ورون دھون ریپڈ فائر کے دوران یہ کہہ چکے ہیں کہ ان کی خواہش ہے کہ سوناکشی سنہا اور ادیتیہ رائے کپور کو شادی کرلینی چاہیے۔ ایک اخبار کو انٹرویو کے دوران سوناکشی سنہا نے بھی اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ ادیتیہ رائے کپور کے ساتھ فلم میں کام کرنا چاہتی ہیں۔
خیال رہے کہ رواں سال یہ خبریں بھی زیر گردش تھیں کہ سوناکشی سنہا بنٹی سچدیو کے ساتھ عشق لڑا رہی ہیں ، دونوں کی منگنی ہوچکی ہے اور جلد شادی بھی ہوجائے گی لیکن ان کے پیار کی بیل منڈھے نہ چڑھ سکی اور کچھ مہینے پہلے دونوں کا بریک اپ ہوگیا تھا۔
سوناکشی سنہا ان دنوں اپنی فلم کلنک کی شوٹنگ میں مصروف ہیں ۔ اس فلم میں ان کے مد مقابل ادیتیہ رائے کپور کام کر رہے ہیں جبکہ عالیہ بھٹ اور ورون دھون بھی اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔ یہ فلم 1940 کی کہانی پر مبنی ہے اور آج سے 15 سال پہلے بالی ووڈ کے صف اول کے پروڈیوسر یش جوہر اس فلم کو بنانا چاہتے تھے لیکن وقت اور زندگی نے انہیں مہلت نہیں دی۔ باپ کے انتقال کے بعد ان کے صاحبزادے کرن جوہر نے اس فلم پر کام شروع کیا اور اب یہ تکمیل کے مراحل میں ہے۔