نئی دہلی (سچ نیوز) ٹیکنالوجی کے اس دور میں شاپنگ بھی جدید ہو گئی ہے اور اب ہر کوئی گھر بیٹھے دو چار بار انگلی گھما کر ہی اپنی پسند کی اشیاءخریدنا پسند کرتا ہے لیکن اس طرح خریداری کرنے میں فراڈ کا اندیشہ موجود رہتا ہے لیکن کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ کسی مشہور و معروف شخصیت کیساتھ بھی ایسا ’ہاتھ‘ کیا جا سکتا ہے۔جی ہاں! اس مرتبہ آن لائن فراڈ کا شکار بننے والی شخصیت کوئی اور نہیں بلکہ بالی ووڈ کی دبنگ ہیروئن سوناکشی سنہاءہیں جنہوں نے آن لائن سٹور ایمزون سے 18 ہزار روپے مالیت کا ایک جدید ترین موبائل ہیڈ فون خریدا لیکن جب ڈلیوری ہوئی اور انہوں نے ڈبہ کھول کر دیکھا تو لوہے کا ایک وزنی ٹکڑا دیکھ کر ہکا بکا رہ گئیں۔انہوں نے یہ ساری صورتحال اپنے مداحوں کیساتھ شیئر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹوئٹر پر تصویر ڈال دی اور لکھا ”ایمزون دیکھو مجھے آرڈر کئے گئے ہیڈ فون کی بجائے کیا ملا ہے! ڈبہ مناسب طریقے سے بند تھا اور بالکل نیا اور صحیح لگ رہا تھا۔۔۔ لیکن صرف باہر سے۔ اور ہاں! آپ لوگوں کی کسٹمر سروس تو مسئلہ حل ہی نہیں کرنا چاہتی، جس کی وجہ سے یہ معاملہ اور بھی بدتر ہو گیا ہے۔“اداکارہ اپنے ساتھ ہونے والے دھوکے پر تڑپ اٹھیں اور انہوں نے دنیا کی سب سے بڑی آن لائن کمپنی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور بتایا کہ غلط چیز ملنے پر وہ ذہنی طورپر پریشان ہیں۔ انہوں نے لکھا ”کیا کوئی بالکل نیا اور چمکدار لوہے کا ٹکڑا 18 ہزار روپے میں خریدنا چاہے گا! گھبرائیں مت، یہ میں بیچ رہی ہوں، ایمزون نہیں، اس لئے آپ کو بالکل وہی چیز ملے گی جو آپ آرڈر کر رہے ہیں۔“