ریاض(سچ نیوز)سعودی عرب میں ہڈیوں کے ایک سرجن نے اپنے پرائمری سکول کے ایک استاد کا آپریشن کیا جو اْسے پہلی جماعت میں پڑھایا کرتے تھے۔عرب ٹی وی کے مطابق مذکورہ استاد نے 30 برس کے وقفے کے بعد اپنے طالب علم ڈاکٹر احمد القرنی کو ڈھونڈ نکالا اور رابطہ کر کے آپریشن کی درخواست کی۔ ڈاکٹر قرنی ہڈیوں کی سرجری کے کنسلٹنٹ اور سپورٹس انجری کے سپیشلسٹ ہیں۔ڈاکٹر قرنی نے گفتگو کرتے ہوئے طویل عرصے کے بعد استاد کی جانب سے رابطے کو اپنے لیے قابل صد افتخار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے استاد عبید القرنی کو گھٹنے کی تکلیف تھی۔ میں نے کلینک میں اْن سے ملاقات کی اور ہم اسکول کے زمانے کی یادوں میں گْم ہو گئے۔ اس دوران ساتھی طلبہ اور تمام اساتذہ کا ذکر آیا۔ بعد ازاں میں نے ان کے تمام مطلوبہ ٹیسٹ کروائے اور پھر آپریشن کیا۔رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر قرنی نے کہاکہ میرے استاد نے میری پیشہ وارانہ زندگی میں کامیابیوں پر بے حد مسرت کا اظہار کیا۔ آپریشن کے بعد میں اْن کے پاس گیا اور ایک یادگاری تصویر بنوائی تا کہ اس عظیم لمحے کو محفوظ کر لوں جو میرے لیے ہمیشہ باعث اعزاز رہے گا۔