اسلام آباد: (سچ نیوز) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان، وفد کی پاکستان آمد کا سلسلہ شروع، ایڈوانس سیکیورٹی ٹیم بھی پہنچ گئی۔ سیکیورٹی ٹیم نے اسلام آباد کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔
ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ڈاکٹرز کی ٹیم بھی پاکستان پہنچ گئی ہے جبکہ دورے کی کوریج کے لئے سعودی میڈیا کے وفد کی بھی آمد ہو چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان کا وزیراعظم ہاؤس میں قیام کا امکان ہے جبکہ تمام سعودی وفود اسلام آباد کے نجی ہوٹلوں میں قیام کریں گے۔ سعودی ولی عہد کے وفود کے لئے اسلام آباد کے دو بڑے نجی ہوٹل مکمل اور دو ہوٹل جزوی طور پر بک کر لئے گئے ہیں۔
محمد بن سلمان کی ورزش کے سامان، فرنیچر اور ضروری اشیا کے پانچ ٹرک مقامی ہوٹل پہنچا دیئے گئے ہیں۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سولہ فروری کو پاکستان پہنچیں گے اور ان کا دورہ دو روزہ ہو گا۔ سعودی سفیر کے مطابق محمد بن سلمان بڑے وفد کے ہمراہ پاکستان آئیں گے۔