انقرہ (سچ نیوز )ترکی کے وزیر خارجہ میلوت چیلؤش اوغلو نے کہاہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ترک صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کیلئے خواہش کا اظہار کیا ہے اور فی الحال ملاقات نہ کرنے کی کوئی وجہ موجود نہیں ہے ۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی ’رائٹرز‘کے مطابق طیب اردگان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے اس ہفتے ارجنٹینا میں ہونے والی جی 20 کی میٹنگ میں شرکت کرنی ہے اور اس حوالے سے ترک وزیر خارجہ نے جرمنی کے اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ” ہاں محمد بن سلمان نے طیب اردگان سے ملاقات کیلئے ٹیلیفون پر کہا ہے اور ان کے درمیان ممکنہ طور پر ارجنٹینا کے شہر ’ بوئینوس ایریز ‘ میں ملاقات ہو سکتی ہے جس پر ترک صدر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ’ چلیں دیکھتے ہیں ‘۔“ترک وزیر خارجہ کا کہناتھا کہ فی الحال سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات نہ کرنے کی کوئی وجہ موجود نہیں ہے ۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سعودی و امریکی شہری جمال خاشقجی کو استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے میں قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد سعودی عرب اور ترکی کے درمیان تعلقات کشیدگی کا شکار ہوئے ۔ تاہم سعودی عرب نے بعدازاں اعتراف کیا تھا کہ جمال خاشقجی کو سعودی قونصل خانے میں ہی قتل کیا گیا ہے اور ریاست کی جانب سے اس کی تحقیقات کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ۔