واشنگٹن(سچ نیوز)سعودی عرب نے قبل ازیں بھی امریکہ سے 100 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے دفاعی سازوسامان خریدنے کے معاہدے کر رکھے ہیں اور اب اس نے امریکہ سے 15ارب ڈالر مالیت کا تھاڈ (THAAD) میزائل ڈیفنس سسٹم خریدنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے جو امریکہ کی ایروسپیس اینڈ ڈیفنس کمپنی لاک ہیڈ مارٹن بناتی ہے جو پینٹاگون کو دفاع سامان فراہم کرنے والی سب سے بڑی کمپنی ہے۔سی این بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے اس معاہدے کی تصدیق کر دی ہے۔سعودی حکام اور ان کے امریکی ہم منصبوں نے رواں ہفتے اس معاہدے پر دستخط کیے، جس کے تحت سعودی عرب کو 44تھاڈ لانچرز، میزائلز اور دیگر متعلقہ سامان فراہم کیا جائے گا۔دونوں ملکوں میں اس ڈیل پر مذاکرات کا آغاز دسمبر 2016ءمیں ہوا تھا۔محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوارٹ کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ”سعودی عرب کو شدت پسند گروپوں کی طرف سے بیلسٹک میزائل حملوں کے خطرے کا سامنا ہے اور یہ خطرہ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔ تھاڈ میزائل ڈیفنس سسٹم سے سعودی عرب کا ہی نہیں بلکہ پورے خلیجی خطے کا دفاع مضبوط ہو گا اور اس سے امریکی نیشنل سکیورٹی کو بھی بہت فائدہ ہو گا۔ “