پشاور: ( سچ نیوز) وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان نے جائیداد کے معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ شوکت خانم ہسپتال کے ذریعے جائیداد بنانے کی خبریں غلط ہیں، جائیداد جائز اثاثوں اور قانونی ذرائع سے بنائی۔ 20 سال سے ٹیکسٹائل کے کاروبار سے وابستہ ہیں
علیمہ خان نے کہا کہ شوکت خانم خیراتی ہسپتال ہے جو میری مرحوم والدہ کی یاد میں بنا، ہسپتال کو ملنے والے چندے کی آڈٹ نامور عالمی فرم سے کرائی جاتی ہے، گذشتہ 20 سال سے ٹیکسٹائل کے کاروبار سے وابستہ ہیں، جس کے عالمی سطح پر خریدار ہیں۔ کاروبار کے سالانہ ایکسپورٹ آرڈر تقریباً 2 ارب روپے کے ہوتے ہیں، دبئی کی جائیداد سرمایہ کاری کے ذریعے 3 کروڑ 9 ہزار 234 روپے میں خریدی اور اس جائیداد کیلئے رقوم جائز بنکنگ ذرائع سے بھیجی گئیں۔
وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے بیرون ملک اثاثوں کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، الزام لگایا گیا کہ یہ اثاثے غیرقانونی اور شوکت خانم کی خیرات کے پیسے سے خریدے، ان تمام خبروں اور الزامات کو مسترد کرتی ہوں۔
امریکہ میں موجود جائیداد کے حوالے سے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ نیوجرسی کی جائیداد 14 کروڑ 5 لاکھ میں خریدی گئی اور اس کیلئے جائز بنکنگ ذرائع سے پیسے بھیجے اور بنک سے قرض لیا، یہ مشترکہ جائیداد کاروباری مقاصد کیلئے خریدی گئی تھی اور قانون کے مطابق ٹیکس ادا کر کے ظاہر کی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میری جائیداد اور میرے خیراتی کام کا آپس میں کوئی تعلق نہیں۔