خرطوم(سچ نیوز )مشرقی سوڈان میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ریاست القادریف کے گورنر میرغنی صالح، کابینہ کے چیف، مقامی وزرا اور پولیس چیف سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔خبر ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا تھا ہیلی کاپٹر ریاست القادریف میں لینڈ کرنے کی کوشش کے دوران کمیونیکیشنز کے ایک ٹاور سے ٹکرا گیا جس کے بعد ہیلی کاپٹر میں آگ بھڑک اٹھی۔سوڈان کی سرکاری ٹی وی کا کہنا تھا کہ حادثے میں القادریف کے گورنر میرغنی صالح، ان کی کابینہ کے چیف، مقامی وزیرجنگلات اور مقامی پولیس چیف اور بارڈر گارڈ کے سربراہ بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔سوڈانی ائرکرافٹ ایتھوپیا کی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہوا تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں دی گئیں کہ وجوہات کیا تھیں اور حادثے میں کسی کی جان بچی ہے یا نہیں۔سوڈان کی سرکاری نیوز ایجنسی سونا نے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ رپورٹ کیا ہے۔