اسلام آباد (سچ نیوز) پیپلز پارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی اگر بلوچستان حکومت کادھڑن تختہ کرسکتی ہے تو پھر وفاقی حکومت کا بھی کرسکتی ہے ،سندھی عوا م کو للکارا جارہا ہے ۔جیونیوز کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں گفتگو کرتے ہوئے پلوشہ خان نے کہا کہ تحریک انصاف سندھ کو فتح کرنے کیلئے نکلی مگر سپریم کورٹ میں ان کاایسا ڈھول پھٹا کہ چپ کرکے بیٹھ گئے ،انہوں نے کہا کہ یہ ایک قوم کو للکار رہے تھے ، عمران خان الیکشن سے قبل بھی سندھ میں جاتے رہے اور آصف زردا ری کیخلاف مغلظات بولتے رہے لیکن اس کے باوجود سندھ نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا اور پیپلز پارٹی نے سندھ میں اپنی حکومت بنا لی ۔انہوں نے کہا کہ آج سندھی عوام کو للکارا جارہاہے لیکن ان کو پتہ ہوناچاہئے کہ ملک اور قوم مذہب کی بنیاد پرکم ہی جڑتے ہیں ، یہ سیاسی جماعت ہی متحد کرکے رکھتی ہے ، اگر ایسا ہوتا تو مشرقی پاکستان الگ نہ ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بلوچستان میں حکومت کا دھڑن تختہ گورنر راج لگاکر نہیں کروایاتھا ، قانونی طریقے سے کروایا تھا ، اگر وہاں دھڑن تختہ کروا سکتے ہیں تووفاقی حکومت کادھڑن تختہ بھی کروا سکتے ہیں۔