روم(سچ نیوز) اٹلی کے گلیشیر پر ایک چھوٹے طیارے اور ہیلی کاپٹر کے درمیان تصادم میں 5 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی اٹلی میں سوئٹزرلینڈ اور فرانس کی سرحد کے نزدیک ایک چھوٹے طیارے اور ہیلی کاپٹر کے درمیان خوفناک تصادم ہوا ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔منفی درجہ حرارت اور موسم کی خرابی کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے، طیارے اور ہیلی کاپٹر کا ملبہ گلیشیر سے مل گیا جب کہ 2 زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔جہاز اور ہیلی کاپٹر تصادم میں زخمی ہونے والوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ زخمیوں کے متعلقہ ممالک کو آگاہ کردیا گیا ہے جو ان کے اہل خانہ سے رابطہ کریں گے۔ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے تاہم زخمی افراد کے فرانس اور سوئٹزرلینڈ کے شہری ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے۔ طیارے اور ہیلی کاپٹر کی ملکیت اور ان کی منزل کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔