مقبوضہ بیت المقدس (سچ نیوز) اقوام متحدہ نے اسرائیلی واٹرکمپنی کو بلیک لسٹ کرنے کی دھمکی دے دی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن دفتر سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی واٹر سپلائی کمپنی ’’میکوروٹ ‘‘کو غرب اردن میں فلسطینی آبی وسائل پر قبضے کی وجہ سے یہودی کالونیوں میں سرگرم ان کمپنیوں میں شامل کیا جا سکتا ہے جو غیرقانونی سرگرمیوں کی وجہ سے بلیک لسٹ کی گئی ہیں یا آئندہ کی جائیں گی۔ اقوام متحدہ نے الزام عائد کیا ہے کہ میکوروٹ فلسطینی آبی وسائل کو یہودی آباد کاروں کے مفاد کے لیے استعمال کررہی ہے۔ اس کے علاوہ یہ کمپنی فلسطینیوں کا اپنا پانی نہیں بھاری قیمت میں فروخت کررہی ہے۔دوسری جانب کمپنی نے اقوام متحدہ کے انتباہ کو مسترد کردیا اور کہا کہ وہ فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے ساتھ طے پائے معاہدے کے مطابق ہی کام کررہی ہے۔میکروٹ نے کہا کہ غرب اردن میں کمپنی کے منصوبوں کو نقصان پہنچانے اور اسے بلیک لسٹ کرنے کی کوششوں کی پیچھے سیاسی ایجنڈا ہے۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے سنہ 2016 میں اسرائیل کی کئی کمپنیوں کو یہودی کالونیوں میں سروسز فراہم کرنے پر بلیک لسٹ کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا، اب تک ایسی 206کمپنیوں کو بلیک لسٹ کیا جا چکا ہے، ان میں 143اسرائیلی ،22امریکی اور 19 دوسرے ممالک کی کمپنیاں شامل ہیں۔