ممبئی(سچ نیوز) بھارتی اداکارہ پریا پرکاش وریئر نے ایک علاقائی فلم میں کام کیا۔ ان کی فلم تو کچھ خاص مقبول نہ ہوئی لیکن اس فلم میں ان کا آنکھ مارنے کا ایک سین ایسا مقبول ہوا کہ وہ راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔ اس شہرت کے بعد سے وہ منظرعام سے غائب تھیں اور کہا جا رہا تھا کہ اب وہ اپنی تعلیم مکمل کرنے پر توجہ دے رہی ہیں لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ وہ ممبئی فلم نگری میں جلوہ گر ہونے کی تیاری میں ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 19سالہ پریا پرکاش کو گزشتہ دنوں معروف اداکار وکی کوشال کے ساتھ ان کی فلم ’اڑی: دی سرجیکل سٹرائیک‘ کی سکریننگ کے موقع پر دیکھا گیا۔ جس پر افواہیں گردش میں ہیں کہ پریا اب کسی بالی ووڈ فلم میں نظر آنے والی ہیں۔پریا پرکاش کی وکی کوشال کے ساتھ کئی تصاویر بھی منظرعام پر آئی ہیں۔ اس کے علاوہ پریا نے اداکار رنویر سنگھ کے ساتھ لی گئی ایک سیلفی بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کی ہے جس سے اس بات کی تائید ہوتی ہے کہ وہ شاید اب بالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے جا رہی ہیں۔بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں یہ بھی بتایا ہے کہ پریاپرکاش اپنی پہلی بالی ووڈ فلم میں وکی کوشال ہی کے مدمقابل جلوہ گر ہوں گی۔