اسلام آباد (سچ نیوز )سابق آئی جی شعیب سڈل نے کہاہے کہ آئی جی پنجاب طاہر خان کی تبدیلی ایک بہت سنجیدہ معاملہ ہے ، جنہوں نے آئی جی پنجاب کے تبادلے کا حکم دیاہے انہوں نے الیکشن کمیشن کے احکامات کو بھی مدنظر نہیں رکھا ۔دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب سڈل نے کہا کہ آئی جی پنجاب طاہر خان کو تبدیل کیا جانا غیر عمومی واقعہ ہے ، وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے کہا جاتا ہے کہ وہ اس بات پر کاربند ہیں کہ پولیس کوغیر سیاسی کرناہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے آئی جی پنجاب کے تبادلے کا حکم دیاہے انہوں نے الیکشن کمیشن کے احکامات کو بھی مدنظر نہیں رکھا ، یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے ، انہوں نے کہا کہ قانون میں وجوہات موجود ہیں جن کے مطابق آپ آئی جی کو عہدے کی میعاد مکمل ہونے سے قبل فارغ کرسکتے ہیں ، ان میں ایک ناقص کارکردگی اور دوسرا مس کنڈکٹ ہے لیکن اس کے لئے بھی عدالت میں ثابت کرنا ہوگا اگر اس کو عدالت میں چیلنج کردیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ طاہر خان کے معاملے میں کہیں پر بھی یہ دونوں چیزیں ثابت نہیں ہوتیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ صبح اٹھیں اور آپ کو آئی جی شکل ٹھیک نہ لگے اور آپ کہہ دیں کہ اس کا تبادلہ کردیتے ہیں۔