لاہور (سچ نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق نے کہاہے کہ اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کے باہر بلایا جانیوالا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس دوروز تک جاری رہ سکتاہے ، اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری سے جمہوریت کی جو تذلیل ہورہی ہے ، اس کو محسوس نہیں کیا جارہا۔جیونیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے قومی اسمبلی کے باہر بلائے گئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تلاوت ہوگی ، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما تقریریں کریں گے اور اپوزیشن لیڈر کی گرفتار ی کے خلاف احتجاج کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا شہبازشریف دوسرے اپوزیشن لیڈر ہیں جن کو بغیر کسی شواہد اور ثبوت کے گرفتار کیا گیاہے حالانکہ وہ نیب کے ساتھ مکمل تعاون کررہے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ اجلاس ایک دن سے زیادہ مدت تک بھی چلا سکتے ہیں، ہم نے اس دھبے کودھوناہے کیونکہ یہ پارلیمنٹ کے تذلیل ہے کہ اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کرلیا جائے ، انہوں نے کہا کہ اس کوسارا پاکستان دیکھ رہاہے اور عالمی سطح پر بھی اس کودیکھا جارہاہے ، اس سے جمہوریت کی جوتذلیل ہورہی ہے اس کو محسوس نہیں کیا جارہا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے توقع رکھتے تھے کہ وہ دوتین روز کے اندر قومی اسمبلی کا اجلاس بلا لیں گے لیکن ان کی جانب سے 17اکتوبر کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے کی خبر ہے اور یہ مدت 13روز بنتی ہے ۔