نئی دہلی ( ویب ڈیسک ) سینئر بھارتی سیاستدان اور کانگریس کے رہنما ششی تھرور نےکہا ہےکہ’’جنگل کا قانون‘‘ کسی کے مفاد میں نہیں، پاکستان کی اس ثالثی پر بھارت کو خوشی منانی چاہیے جس کے نتیجے میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی، کیونکہ بھارت بھی امن کا خواہاں ہے، دنیا میں بڑی تبدیلیاں آ رہی ہیں اور بھارت کو محض تماشائی بن کر نہیں بیٹھنا چاہیے۔
’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق ایک انٹرویو میں ششی تھرور کا کہنا تھا کہ جب پاکستان وہ کام کر رہا ہے جو ہمارے مطلوبہ امن کے لیے ہے، تو ہمیں اس کا خیرمقدم کرنا چاہیے، بھارتی حکومت نے بھی امن کا خیرمقدم کیا جو ایک درست اور سمجھدار رویہ ہے۔ امریکہ ، ایران جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اور اس کا احترام کیا جانا چاہیے، پاکستان اور ایران کے درمیان تقریباً 900 کلومیٹر طویل سرحد ہے، اس لیے کسی بھی علاقائی جنگ کے اثرات پاکستان پر بھی پڑسکتے ہیں، اس لیے پاکستان کا اس تنازع کو ختم کرنے میں دلچسپی لینا فطری ہے۔ ششی تھرور کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں بڑی تبدیلیاں آ رہی ہیں اور بھارت کو محض تماشائی بن کر نہیں بیٹھنا چاہیے۔’’جنگل کا قانون‘‘ کسی کے مفاد میں نہیں کیونکہ اس سے تمام ممالک طاقتور قوتوں کے رحم و کرم پر آسکتے ہیں۔

































