لاہور (روزنامہ سچ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پاکستان سمیت دنیا بھر کے لئے چیلنج ہے۔اقوام عالم کو مل کر قدرتی ماحول پر اثرانداز ہونے والے عوامل پر قابو پانا ہوگا۔عوام کرۂ ارض کی حفاظت کے مشن میں ہمارا ساتھ دیں۔ وزیر اعلیٰ ے ماحولیاتی تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ پنجاب حکومت نے پلاسٹک بیگزکے استعمال، پروڈکشن، فروخت اور تجارت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پلاسٹک کے استعمال سے ماحول اور انسانی صحت پر مضر اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ”نو ٹو پلاسٹک“مہم کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنا اور ماحول دوست اقدامات کا فروغ ہے۔ پلاسٹک بیگزپر پابندی کی پالیسی کو سختی سے نافذ کیا جائے گا۔ہوٹلوں، ریستورانوں اور کھانے پینے کی جگہوں پر پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال پر پابندی ہوگی۔ پلاسٹک بیگ کی جگہ ماحول دوست متبادل جیسے کاٹن بیگ کو استعمال میں لایا جائے۔ پلاسٹک کی آلودگی کے مضر اثرات سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کررہے ہیں۔