کراچی( ویب ڈیسک) پاکستان ریفائنری لمیٹڈ (پی آر ایل) اور نجی فرم ایئرلنک کمیونیکیشن نے مشترکہ طور پر تیل اور گیس کی معروف کمپنی شیل پاکستان کے اکثریتی حصص خریدنے کا اعلان کر دیا۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق شیل پاکستان لیمیٹڈ (ایس پی ایل) کی طرف سے جون میں اعلان کیا گیا تھا کہ اس کی پیرنٹ کمپنی شیل پٹرولیم (ایس پی سی او) مقامی کاروباری میں اپنے 77.42فیصد حصص فروخت کرکے پاکستان میں کاروبار ختم کر نے جا رہی ہے۔
ایس پی ایل کی طرف سے یہ فیصلہ 2022ءمیں شرح تبادلہ، پاکستانی روپے کی قدر میں بڑے پیمانے پر کمی اور واجب الادا وصولیوں کی وجہ سے نقصان اٹھانے کے بعد کیا گیا۔ 31مارچ 2023ءکو ختم ہونے والی سہ ماہی کے مالیاتی گوشواروں کے مطابق کمپنی پاکستانی حکومت کے ذمہ واجب الادا 5ارب 33کروڑ 10لاکھ کی وراثتی وصولیوں کا بوجھ برداشت کر رہی ہے۔
پیر روز ایئرلنک اور پی آر ایل کی طرف سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو ایک نوٹس کے ذریعے شیل پاکستان کے حصص خریدنے کے ارادے سے آگاہ کیا گیا ہے۔ پی آر ایل پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کا ماتحت ادارہ ہے، جو پاکستان میں تیل صاف کرنے والے 5کارخانوں میں سے ایک ہے۔ سٹاک فائلنگ ریکارڈ کے مطابق پی ایس او کے پاس پاکستان ریفائنری لیمیٹڈ کے 63.56فیصد حصص ہیں، جبکہ حکومت پاکستان کے پاس براہ راست پی ایس او کے 22.47فیصد حصص ہیں۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے مطابق شیل اپنے ساڑھے 16کروڑ 7لاکھ حصص فروخت کرے گا جن کی مالیت کا تخمینہ 19ارب روپے لگایا گیا ہے۔